کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)رکن صوبائی اسمبلی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کی ویمن ونگ کی سربراہ اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے حالیہ پوڈکاسٹ میں "بلوچ قوم "کی غیرت، عزت اور روایات پر نہایت پُرجوش اور مدلل انداز میں روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ بلوچ قوم غیرت مند، باوقار اور اپنی
روایات کی پاسدار قوم ہے۔ اگر انہیں عزت دی جائے تو وہ وفاداری اور محبت میں اپنی جان تک نچھاور کرنے سے دریغ نہیں کرتے، لیکن وہ کسی صورت اپنی غیرت اور خودداری پر سمجھوتہ قبول نہیں کرتے۔محترمہ فرح عظیم شاہ نے ملک کے دیگر صوبوں کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں خوشحالی اور مواقع موجود ہیں جہاں بیرونِ ملک سے لوگ آ کر سرمایہ کاری کرتے ہیں، مگر بلوچستان میں داخل ہونے کے لیے این او سی کی شرط سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ہی وطن کے ایک حصے میں آنے کے لیے اجازت طلب کرنا اس احساسِ محرومی کو بڑھاتا ہے جس کا ازالہ ضروری ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی فخر کا اظہار کیا کہ حالیہ سی پی اے میٹنگ میں انہوں نے بلوچستان کی نمائندگی پورے وقار کے ساتھ کی اور دنیا کے سامنے یہ پیغام دیا کہ بلوچستان امن، محبت اور بھائی چارے کی سرزمین ہے

