لاہور(نمائندہ خصوصی):پاکستان کے ابھرتے ہوئے لیفٹ آرم اسپنر عرفات منہاس نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی فتح میں کردار ادا کرنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہزارویں ون ڈے میچ میں کامیابی حاصل کرنا پوری ٹیم کے لیے باعثِ فخر اور اس کامیابی نے ان کی خوشی کو دوچند کر دیا ہے۔عرفات منہاس نے بتایا کہ راولپنڈی کی وکٹ اور موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم نے پہلے باؤلنگ کرنے کی حکمت عملی اپنائی کیونکہ خشک پچ اسپنرز کے لیے سازگار ثابت ہو رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کا منصوبہ کامیاب
رہا اور کھلاڑیوں نے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائیں۔ایک سوال کے جواب میں نوجوان اسپنر نے کہا کہ ہر کھلاڑی کے لیے ڈیبیو میچ خاص اہمیت رکھتا ہے تاہم انہوں نے میدان میں خود پر دبائو حاوی نہیں ہونے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جونیئر کرکٹ، انڈر 19 سطح اور پی ایس ایل میں حاصل ہونے والا تجربہ ان کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنا۔انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا والدین، کوچز اور ان تمام افراد کو دیا جنہوں نے ان کے کرکٹ کیریئر میں ہر مرحلے پر ان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔عرفات منہاس نے کہا کہ ان کی دعائوں اور حمایت کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔عرفات منہاس نے مزید کہا کہ وہ کسی مخصوص کھلاڑی کے متبادل کے طور پر نہیں بلکہ اپنی الگ شناخت بنانے کے خواہاں ہیں،قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنانا اور پاکستان کے لیے مسلسل بہترین کارکردگی دکھانا ان کا اصل ہدف ہے۔یاد رہے کہ عرفات منہاس نے آسٹریلیا کے خلاف اپنے پہلے ہی ون ڈے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کر کے منفرد اعزاز اپنے نام کیا اور وہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے ڈیبیو میں پانچ شکار کرنے والے پاکستان کے پہلے بولر بن گئے۔

