راولپنڈی۔(اسپورٹس رپورٹر):پاکستان نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ مہمان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ میتھیو شارٹ اور میٹ رینشا نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ون ڈے ڈیبیو کرنے والے عرفات منہاس نے پانچ وکٹیں حاصل کر کے قومی کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ گرین شرٹس نے مطلوبہ ہدف 43ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، بابر اعظم نے 69 اور غازی غوری نے 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ عرفات منہاس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ

آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے آسٹریلوی بیٹنگ لائن زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکی اور پوری ٹیم 44.1 اوورز میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میتھیو رینشا 61 اور میتھیو شارٹ 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ میتھیو کوہنیمن 24، الیکس کیری 19، کپتان جوش انگلس 13، اولیور پیک 7 اور نیتھن ایلس 8 رنز بنا سکے جبکہ مارنس لبوشین اور کیمرون گرین کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ لیفٹ آرم اسپنر عرفات منہاس نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں،اس کارکردگی کے ساتھ وہ ون ڈے ڈیبیو میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے پاکستان کے پہلے باؤلر بن گئے۔ ابرار احمد نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان علی آغا اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں
پاکستان نے محتاط مگر پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف 42.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بابر اعظم نے 69 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ غازی غوری نے شاندار 65 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز میں صاحبزادہ فرحان 28، معاذ صداقت 8 اور سلمان علی آغا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عرفات منہاس 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے دو جبکہ میتھیو کوہنیمن، مارنس لبوشین اور تنویر سنگھا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے 2 جون کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
