راولپنڈی۔(اسپورٹس رپورٹر):پاکستان نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا، قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنا ہزارواں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل کر یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی۔ گرین شرٹس نے اپنے ہزارویں ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر اس تاریخی موقع کو یادگار بنا دیا۔اس تاریخی میچ کے موقع پر پروقار تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ آسٹریلوی کپتان
جوش انگلس نے یادگاری موقع کی مناسبت سے پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی کو سووینئر پیش کیا اور قومی ٹیم کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پاکستان کے ہزارویں ون ڈے میچ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے والا میدان بھی بن گیا جہاں شائقین کرکٹ نے اس تاریخی لمحے کا بھرپور استقبال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے ہزارویں ون ڈے میچ میں ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی شاندار روایات اور کامیابیوں کا حصہ بننا ہر کھلاڑی کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان ایک ہزار ون ڈے میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ قومی ٹیم نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران ایک روزہ کرکٹ میں متعدد یادگار کامیابیاں حاصل کیں جن میں 1992 کا ورلڈ کپ اور 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فتح نمایاں ہیں۔


