کویٹہ( نمائندہ خصوصی)کوئٹہ میں پیش آنے والے افسوسناک دھماکے کے باعث "ایمان پاکستان حق میلہ” کے چھٹے اور آخری روز کی تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔ اس المناک واقعے کے احترام میں پروگرام کو سادہ انداز میں منعقد کیا گیا، جس کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، جبکہ شہداء اور متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی
گئی۔بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا:”اس افسوسناک دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے اور جتنا بھی دکھ و افسوس کیا جائے، وہ کم ہے۔ ہمارے محافظ، ہمارے بہادر جوان اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر سرحدوں پر بھی اور شہروں کے اندر بھی ہماری حفاظت کے لیے کھڑے رہتے ہیں۔ وہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کے امن اور سلامتی کو یقینی بناتے ہیں۔”ہم اپنے پاکستان اور اپنے محافظوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پوری قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے حوصلے، قربانیوں اور بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

