اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اتوار کوسماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر چوکس
ہیں ، ریاست دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے پراکسی عناصر کے ذریعے پاکستان کا امن خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم پوری پاکستانی قوم ہر قسم کی دہشتگردی اور شرپسندی کے خلاف اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوان وطن کے دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں اور دہشتگرد عناصر کو بالآخر شکست ہوگی۔عبدالعلیم خان نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔انہوں نے دہشتگردی کے واقعات میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔

