اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ شہداء اور غازی قوم کا ہمیشہ قائم رہنے والا فخر ہیں، شہداء کی عزت اور قربانی ہر پاکستانی کے لیے مقدس امانت ہے۔پاک فوج کے افسران و جوانوں کو عسکری اعزازات دینے کے لیے جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جس کے مہمانِ خصوصی
تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا لازوال فخر ہیں، مادرِ وطن کا امن و امان شہداء کی عظیم قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کے مرہونِ منت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام تک دہشت گردی کے خلاف جنگ قومی عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے شہداء کے اہلِ خانہ، افسران اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا، آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور وطن
کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات دیے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ کی ثابت قدمی، وقار اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے شہداء کی بے مثال قربانیوں اور وطن سے لازوال وابستگی کو بھی سراہا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل تیاری اور غیر متزلزل عزم کو بھی سراہا۔راولپنڈی اور پشاور میں اعزازی
تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فوج کے شہداءاور جوانوں کو شاندار خرا ج تحسین پیش کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور پشاور میں شہداء، افسران اور جوانوں کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے اعزازی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔پروقار تقریبات میں بڑی تعداد میں اعلیٰ فوجی افسران اور اعزاز حاصل کرنے والوں کے اہلِخانہ نے شرکت کی۔راولپنڈی میں منعقدہ تقریب میں کور کمانڈر راولپنڈی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔پروقار تقریب
میں 32 شہداءکے لواحقین نے تمغہ بسالت، 60 افسران کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 105 افسران کو تمغۂ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔ 33 جونیئر کمیشنڈ افسران اور جوانوں کو شاندار بہادری پر مبنی خدمات کے اعتراف میں تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔پشاور میں منعقدہ تقریب میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (نارتھ) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔پشاور میں منعقدہ تقریب میں 98 شہداء کے لواحقین نے تمغہ بسالت ، 6 افسران کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 19 افسران کو
تمغۂ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔تقاریب کے اختتام پر پاک افواج کے قومی دفاع اور سلامتی کیلئےغیر متزلزل عزم کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔


