اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے 22 فتنہ الخوارج دہشت گردوں کے خاتمے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی پر پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد
عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے ناگزیر ہیں۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ معصوم شہریوں کو انسانی ڈھال بنانا دہشت گردوں کی کھلی بربریت اور انسان دشمن ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔وفاقی وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری کارروائیاں ملک میں امن و استحکام کے قیام کی ضمانت ہیں اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے عزم، حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو سکیورٹی فورسز ہمیشہ کی طرح ناکام بنائیں گی۔

