لزبن (نمائندہ خصوصی)ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن پرتگال اور تحریکِ آزادی کشمیر یورپ کے اشتراک سے لزبن، پرتگال میں جشنِ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے سلسلے میں ایک عظیم الشان اور تاریخی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ یورپ بھر میں معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی تقریبات کے سلسلے کی دوسری بڑی تقریب تھی۔پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ پروگرام یورپ میں مقیم پاکستانیوں کے سب سے بڑے اجتماعات میں شمار ہوا جس میں مختلف برادریوں اور عمر کے طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں چھ سالہ بچوں سے لے کر 70سالہ بزرگ شہریوں تک کشمیری اور سکھ کمیونٹی کے افراد نے بھی بھرپور انداز میں شرکت کی۔ شرکاء سویڈن، اٹلی، فرانس، بیلجیئم، سپین اور یورپ کے دیگر ممالک سے خصوصی طور پر تقریب میں شریک ہوئے۔ہزاروں شرکاء نے جوش و جذبے اور حب الوطنی کے ساتھ جشن میں شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے بڑے بڑے پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قد آور تصاویر بھی نمایاں تھیں۔ فضا
’’پاکستان زندہ باد‘‘، ’’پاکستان آرمی زندہ باد‘‘ اور ’’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔اس تاریخی اجتماع کا انعقاد صدر ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن پرتگال سید قاسم سجاد شاہ، چیئرمین تحریک آزادی کشمیر یورپ راجہ حسنین نواز، شیخ اجر اور صغیر احمد نے کیا۔ یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن اٹلی کے صدر قیصر بشیر کنگ نے خصوصی شرکت کی۔ورلڈ ریچ پاکستان گروپ کی آمنہ فاروق اور ایل سی پی گروپ کی حرا بخاری نے بھی معرکہ حق کی تقریبات میں خصوصی شرکت کی۔چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر (تمغہ خدمت) تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ پروگرام کی صدارت پرتگال میں پاکستانی سفارتخانے کے ہیڈ آف چانسری عمیر خان نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ریاست کی محافظ ہیں اور ہر قیمت پر ملک کا دفاع کریں گے۔انہوں نے گزشتہ سال مئی 2025ء میں بھارتی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مضبوط اور فیصلہ کن قیادت نے نہ صرف مادرِ وطن کا دفاع کیا بلکہ دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ڈاکٹر لوہسر نے پاکستان ایئر فورس اور پاکستان نیوی کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فضائیہ کے بہادر شاہینوں نے دشمن کے آٹھ جنگی طیارے مار گرا کر اسے منہ توڑ جواب دیا جو پوری دنیا نے مانا جبکہ پاکستان نیوی کی بہترین حکمتِ عملی اور تیاری نے دشمن کے بحری جہازوں کو ہزاروں میل دور رکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن کا داعی ہے تاہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔تقریب کی ایک خصوصی جھلک ایک کم عمر بچے کی جانب سے گٹار پر قومی ترانہ اور ’’دل دل پاکستان‘‘ کی دلکش دھن پیش کرنا تھا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ اس پرفارمنس نے نوجوان نسل کی پاکستان سے محبت اور وابستگی کو اجاگر کیا۔اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں، جو پرتگال میں پیدا ہوئے اور وہیں پروان چڑھے، نے بھی پاکستان سے اپنی گہری محبت اور وابستگی کا اظہار کیا اور معرکۂ حق کی کامیابی کو بھرپور انداز میں منایا۔کشمیری اور سکھ کمیونٹی کے اراکین نے بھی معرکۂ حق کی تقریبات میں شرکت کی اور کشمیر اور خالصتان کے مقاصد کے لئے اپنی مسلسل حمایت اور عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر نے اعلان کیا کہ مئی کے مہینے کو ’’جشنِ معرکہ حق‘‘ کے مہینے کے طور پر منایا جاتا رہے گا اور آنے والے ہفتوں میں یورپ کے مختلف ممالک میں مزید پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔تقریب اختتام پذیر ہوئی تو یورپ بھر میں مقیم پاکستانیوں اور پاکستان و کشمیر کے حامیوں کے درمیان اتحاد، حب الوطنی اور یکجہتی کے عزم کا ازسرِ نو اظہار کیا گیا۔

