اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالدسے وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن ملک رؤف اعوان نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی ،ملاقات کے دوران بینظیر ہنر مند پروگرام اور وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے اشتراک سے خواتین بینیفشریز اور ان کے اہلِخانہ کیلئے سکل ٹریننگ اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بی آئی ایس پی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں، ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹس اور مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کے امکانات کا بھی
جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بینظیر ہنر مند پروگرام اور وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کی ٹیموں کے درمیان باقاعدہ مشاورت کے ذریعے ایک جامع پروگرام فریم ورک تشکیل دیا جائے گا تاکہ مستحق خاندانوں کو پائیدار معاشی مواقع فراہم کئے جا سکیں۔چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق افراد کی سکل ٹریننگ کیلئے بین الاقوامی سرٹیفکیشنز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے بینظیر ہنر مند پروگرام کے تحت 5000 سے زائد افراد کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور دیگر صوبوں کے ساتھ بھی اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ ملک رؤف اعوان نے بی آئی ایس پی خصوصاً بینظیر ہنر مند پروگرام کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں بینظیر ہنر مند پروگرام کی ٹیم بھی موجود تھی۔
