کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی)رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے نوری نصیر خان آڈیٹوریم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر وہ خود موجود رہیں اور مختلف انتظامات کا معائنہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی کی
طالبات نہایت محنت، جذبے اور لگن کے ساتھ بہترین تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ان کی صلاحیتیں، تخلیقی سوچ اور ہنر قابلِ تعریف ہیں، جو بلوچستان کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین کسی بھی میدان میں کسی سے کم نہیں ہیں، بلکہ ان میں بے پناہ صلاحیتیں اور آگے بڑھنے کا عزم موجود ہے۔ ہم سب مل کر بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، اور انشاءاللہ بلوچستان ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایمان پاکستان تحریک کے زیرِ اہتمام بلوچستان ٹیلنٹ ہنٹ میلہ کل سے باقاعدہ طور پر شروع ہو رہا ہے، جو بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو پوری دنیا کے سامنے پیش کریں گے

