کراچی( نمائندہ خصوصی): شہرِ قائد کو سرسبز اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے کراچی پریس کلب نے کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے تعاون سے خصوصی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب میں ایک پروقار تقریب کا انعقادکیاگیا، جس میں پریس کلب کے اراکین میں 500 سے زائد مختلف
اقسام کے پودے تقسیم کیے گئے۔ تقسیم کیے جانے والے پودوں میں گل مہر، مورنگا، سکھ چین، نیم اور ارجن شامل تھے۔تقریب کے دوران کراچی پریس کلب اور کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے درمیان ماحول دوست سرگرمیوں اور شجرکاری کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر بھی دستخط کیے گئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی آلودگی کے باعث شجرکاری وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود اور مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی
رہی ہے اور یہ مہم بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر شہری ایک پودا بھی لگائے تو کراچی کو دوبارہ سرسبز اور خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان نے کہا کہ شہریوں میں شجرکاری کے شعور کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف، صحت مند اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف ماحول کی بہتری بلکہ معاشرتی ذمہ داری کے احساس کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے چیف مراد سونی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی پولیس کا مقصد
صرف امن و امان کا قیام نہیں بلکہ سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت انسانی زندگی کے لیے ناگزیر ہیں اور فضائی آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں، محلوں اور سڑکوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اس قومی مہم کا حصہ بنیں۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شہر کو مزید سرسبز، خوبصورت اور آلودگی سے پاک بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب میں پریس کلب کے گورننگ باڈی ممبر اختر سومرو، فرید عالم، سابق صدر سعید سربازی، سابق سیکرٹری محمد رضوان بھٹی ، فدا عباسی، نصیر احمد، سردار عامر خان، ڈاکٹر عبدالجبار خان، عبدالحفیظ بلوچ سمیت پریس کلب کے ممبران کی ایک بڑی تعداد موجود تھی.













