اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے گوادر بندرگاہ پر ٹیرف میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد گہرے سمندر کی اس بندرگاہ کو خطے کے ایک مضبوط اور مسابقتی لاجسٹکس و ٹرانس شپمنٹ مرکز کے طور پر مستحکم کرنا ہے۔وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پیر کو وزیر بحری امور نے بیان میں کہا کہ نظرثانی شدہ ٹیرف پالیسی کے نتیجے میں گوادر کے ذریعے ٹرانزٹ اور بین الاقوامی ٹرانس شپمنٹ کنٹینر ٹریفک میں واضح اضافہ متوقع ہے جبکہ اس سے عالمی شپنگ لائنوں کی توجہ حاصل کرنے اور بندرگاہی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ نئی ٹیرف ساخت کے تحت کنٹینر بردار جہازوں اور
ٹرانزٹ یا ٹرانس شپمنٹ کارگو لے جانے والے جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔اسی طرح بین الاقوامی ٹرانس شپمنٹ کنٹینر کارگو پر چارجز میں 40 فیصد اور ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر 31 فیصد کمی کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کارگو ہینڈلنگ کی استعداد بڑھانے کے لیے ایک اہم مراعت کے طور پر گوادر بندرگاہ پر جنرل کارگو کو ایک ماہ تک مفت سٹوریج کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ ملک کی دیگر بندرگاہوں پر یہ سہولت صرف پانچ دن تک محدود ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ مراعات فوری طور پر نافذ العمل ہیں اور آپریشنل ڈیٹا، مارکیٹ کے ردعمل اور کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ مراحل میں مزید ترامیم کا جائزہ لیا جائے گا۔ پالیسی کی مستقبل کی سمت خطے میں مسابقت، کارگو رجحانات اور پائیداری کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر طے کی جائے گی۔ محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ یہ اقدامات گوادر کو ایک جدید، سرمایہ کار دوست اور مسابقتی گہرے سمندر کی بندرگاہ میں تبدیل کرنے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہیں جو وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ، مشرقی افریقہ اور دیگر خطوں کے ساتھ تجارت کے لیے ایک سٹریٹجک گیٹ وے کا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کم لاگت اور کم رش والے شپنگ راستوں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر گوادر خطے کی تجارتی سرگرمیوں میں زیادہ حصہ حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ نئی ٹیرف پالیسی سے شپنگ کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات میں کمی، ٹرانس شپمنٹ اور فیڈر سروسز کے فروغ اور کارگو حجم
میں اضافے کی توقع ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان اقدامات سے ملکی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان کے لاجسٹکس و بحری شعبے کو مزید وسعت ملے گی۔چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ متوقع ہے کیونکہ متعارف کرائے گئے نئے ٹیرف سٹرکچر سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نےکہا کہ فیسوں میں کمی اور سہولیات میں بہتری سے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کار بھی متوجہ ہوں گے جس سے خطے کی معاشی ترقی تیز ہوگی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔
