لاہور(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز 10مئی کو یومِ معرکہ حق بھرپور قومی جذبے، حب الوطنی اور جوش و خروش کے ساتھ منائے گا جبکہ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی قیادت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور سے جاری بیان کے مطابق وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی مدبرانہ، جراتمندانہ اور دور اندیش

قیادت نے نہ صرف پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا بلکہ عالمی سطح پر بھی ملک کے وقار اور عزت میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں حصہ لینے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی بہادری، قربانیاں اور پیشہ ورانہ مہارت تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ معرکہ حق کے سلسلے میں پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز سمیت تمام ریلوے ڈویژنز میں خصوصی تقریبات، دعائیہ اجتماعات اور قومی یکجہتی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی، جن میں شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ گرین لائن ٹرین کو معرکہ حق کی خصوصی برانڈنگ کے ساتھ روانہ کیا جا چکا ہے جبکہ پاکستان ریلویز کے 40بڑے ریلوے اسٹیشنز پر بھی خصوصی برانڈنگ، قومی پرچموں، بینرز اور یادگاری پیغامات کے ذریعے یومِ معرکہ حق کی مناسبت سے قومی جذبے کو اجاگر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز قومی ادارے کے طور پر ملک کے دفاع، سا لمیت اور قومی اتحاد کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

