حیدرآباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھئیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے دل اپنی افواج کے ساتھ دھڑکتے ہیں، معرکہ حق قومی اتحاد، قربانی اور بہادری کی روشن مثال ہے، وطن عزیز کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے ہمیشہ لازوال قربانیاں دی
ہیں جنہیں قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔حیدرآباد میں جشنِ معرکۂ حق کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکہ حق اور بنیان مرصوص آپریشن کی کامیابی ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے ،جس نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم اور افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے دہشت گردی کو کسی بھی مذہب سے جوڑنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے جس فہم، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کا مقابلہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں امن مذاکرات کا انعقاد پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔

