راولپنڈی۔( نمائندہ خصوصی)پاکستان اور سری لنکا کی افواج کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں مشترکہ فوجی مشق شیک ہینڈز-II پاکستان کے علاقے تربیلا میں منعقد کی گئی۔یہ دو ہفتوں پر مشتمل مشق 27 اپریل 2026 کو شروع ہوئی اور آج اختتام پذیر ہوئی۔جمعرات کو آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق اس مشق میں پاکستان 
آرمی کے سپیشل سروسز گروپ اور سری لنکن سپیشل فورسز کے جنگی دستوں نے حصہ لیا۔سپیشل سروسز گروپ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سری لنکا سے میجر جنرل اجیتھ ابےواردانا نے بھی اختتامی تقریب کا مشاہدہ کیا۔مشق کے دوران دونوں ممالک کے فوجیوں نے پیشہ وارانہ مہارت اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔اس مشترکہ مشق کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں میں استعمال ہونے والی مشقوں، طریقۂ کار اور تکنیکوں کو مشترکہ تربیت کے ذریعے مزید بہتر بنانا تھا جبکہ دونوں دوست ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو بھی مزید مضبوط کرنا مقصود تھا۔


