اسلام آباد/ کراچی/ملتان(نمائندہ خصوصی) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، سینئر نائب صدر وفاق مولانا انوار الحق، ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری اور دیگر نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان پر حملے کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا۔وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ مولانا ادریس ایک بزرگ اور نامور عالم دین تھے جن کے تلامذہ اور شاگرد ہزاروں کی تعداد میں پوری دنیا میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں_وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ
شیخ الحدیث مولانا ادریس ایک بے ضرر عالم دین تھے جو زندگی بھر درس حدیث کی مسند پر جلوہ افروز رہے_وفاق المدارس کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ شیخ الحدیث مولانا ادریس کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے_وفاق المدارس کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ تمام ممتاز علماء کرام کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے اور ریاست علماء کرام کے معاملے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔وفاق المدارس کے قائدین نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک اور جامعہ نعمانیہ چارسدہ کی انتظامیہ،اساتذہ و طلبہ اور شیخ الحدیث مولانا ادریس صاحب کے دنیا بھر میں پھیلے شاگردوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی_ وفاق المدارس کے قائدین نے تمام مساجد کے ائمہ و خطباء اور دینی مدارس کے ذمہ داران سے شہید مولانا ادریس کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنے کی اپیل کی.

