استور۔(نمائندہ خصوصی)ضلع استور کے نواحی گاؤں پتی پورہ سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق دونوں میاں بیوی گاڑی میں سوار ہو کر گلگت جا رہے تھے کہ راستے میں مشکین کے مقام پر تیز بارش کے باعث اچانک پہاڑی تودہ گر گیا، جس کی زد میں آ کر وہ شدید زخمی ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے
ہی ریسکیو ٹیم اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر پی ایچ کیو ہسپتال گلگت منتقل کیا گیا۔تاہم دونوں میاں بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی گاؤں پتی پورہ روانہ کر دی گئی ہیں، جہاں آج نمازِ عصر کے بعد انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ اہل علاقہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

