کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے مہنگائی کی لہر کو مزید تیز کر دیا ہے، جس کے اثرات براہِ راست عوام، خصوصاً غریب طبقے پر پڑ رہے ہیں۔ چیئرمین بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد شریف میمن نے کہا ہے کہ یہ اضافہ معیشت کے ہر شعبے سے منسلک ہے اور اس کے اثرات پورے نظام پر پڑ رہے ہیں۔پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں اشیائے خوردونوش سمیت روزمرہ استعمال کی تقریباً ہر چیز کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس حوالے سے بھی چیئرمین بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد شریف میمن نے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے اخراجات نے عوام کی قوتِ خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے۔چیئرمین بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد شریف میمن نے مزید کہا ہے کہ تاجر برادری اس صورتحال سے شدید پریشانی کا شکار ہے کیونکہ پٹرول مہنگا ہونے سے اشیا کی ترسیل کی لاگت بڑھ جاتی ہے، جس کے باعث کاروباری اخراجات میں اضافہ اور منافع میں کمی
واقع ہوتی ہے، جس سے مارکیٹ میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ صرف سفری اخراجات تک محدود نہیں بلکہ اس کا اثر زراعت، صنعت اور سپلائی چین پر بھی پڑتا ہے، جس سے مجموعی مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ چیئرمین بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد شریف میمن نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں کم آمدنی والے افراد کے لیے بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔چیئرمین بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد شریف میمن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے حال ہی میں تاجروں سے ایک میٹنگ میں یقین دہانی کروائی تھی کہ کاروباری اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، تاہم اس کے باوجود کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جس سے کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق مارکیٹیں اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہیں، جس کے باعث خریداروں کی آمد کم ہو گئی ہے کیونکہ لوگ اندھیرے میں مارکیٹوں کا رخ کرنے سے گریز کرتے ہیں۔چیئرمین بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد شریف میمن نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن، لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے بولٹن مارکیٹ کے تاجروں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاجر ملک کو کروڑوں روپے کا ٹیکس اور بڑا ریونیو فراہم کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا جا رہا، جس پر تاجر برادری شدید تحفظات کا اظہار کر رہی ہے۔آخر میں چیئرمین بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد شریف میمن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لائی جائے، لوڈشیڈنگ کا مسئلہ فوری حل کیا جائے اور تاجر برادری سمیت غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کو کم کیا جا سکے۔

