اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):اسلام آباد میں 3 روزہ تبلیغی اجتماع جاری ہے جس میں اڑھائی لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جامعہ ابوالقاسم تبلیغی مرکز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق رائیونڈ اور پنڈی تبلیغی مرکز کے اکابرین یوسف قریشی، عبد الرحمن قریشی اور نائب انچارج شوری ڈاکٹر سلیم نے تبلیغی مرکز آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد تبلیغی مرکز کے اکابرین سے ملاقات کی۔وزیر داخلہ نے اسلام آباد مذاکرات کے دوران اجتماع ملتوی کرنے پر منتظمین
کا شکریہ ادا کیا ۔محسن نقوی نے تبلیغی اجتماع کے منتظمین کے مثبت کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیرداخلہ نے تبلیغی اجتماع کے لئے سکیورٹی و دیگر انتظامات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی اجتماع کے لئے موثر سکیورٹی و ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔محسن نقوی نے مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے تبلیغی اجتماع کے اکابرین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تبلیغی اجتماع کے منتظمین کو پولیس لائنز میں خصوصی لیکچر کیلئے مدعو کیا جائے گا۔اس موقع پر ملک میں امن و استحکام اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ واضح رہے کہ تین روزہ تبلیغی اجتماع کااختتام اتوار کی صبح خصوصی دعا کے بعد ہوگا۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد ،ڈپٹی کمشنر ، ڈی آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
