اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کی حمایت میں دو طرفہ تعلقات اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ نائب وزیراعظم نے تمام مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دینے کی کوششوں میں تعاون جاری رکھنے
کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ اعلیٰ سطح کے روابط کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ روس کو جلد از جلد باہمی طور پر مناسب تاریخ پر دوبارہ شیڈول کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم نے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ دونوں فریقین نے رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔
