اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ علاقائی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعہ کو جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دباؤ اور عالمی شراکت داروں سے معاہدوں کی وجہ سے حکومت کو تیل کی قیمتوں میں
اضافے کا بوجھ منتقل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے پڑ رہے ہیں، ان حالات کے پیش نظر آئندہ ہفتے کیلئے ڈیزل کی قمیت میں 26.77 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 26.77 روپے کا اضافہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے جس قدر ممکن ہوا، پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کو برداشت کیا۔ وزیرِ پٹرولیم نے کہا کہ وفاقی حکومت سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے عوام کو تاریخی ریلیف پیکیج دیا، دعاگو ہیں کہ جلد علاقائی امن کے حصول میں پیش رفت ہو اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

