لاہور ( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ زمین کو سرسبز بنانا موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ہرشخص کوپلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنے کیساتھ ساتھ شجرکاری کو بھی اپنانا چاہیے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زمین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور زمین کو بچانے اور فطرت کیساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے والے تمام افراد اور تنظیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام صوبائی وزراء کو شجرکاری کرنے اور زمین کو بچانے کے لیے عوامی شعور مہم چلانے
کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارتھ ڈے پر جنگلات کے تحفظ، کاربن کے اخراج میں کمی اورگرین (Green) معیشت کو فروغ دینے پر زوردیا۔عالمی یوم ارض (Earth Day) پراپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ارتھ ڈے زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات سے متعلق بیداری اجاگر کرنا کا دن ہے۔ زمین صرف ہماری نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی امانت ہے۔ ہمیں قدرتی وسائل اور درختوں کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ پنجاب میں پلاسٹک زیرویسٹ کی پالیسی اپنائی ہے۔ پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے پہلی ”سمارٹ انوائرمنٹ فورس“ قائم کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا، قدرتی وسائل کا تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا اور زمین کی صحت کو بہتر بنانا ہے۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک صحت مند اور سرسبز زمین چھوڑ کر جانا ہے۔ ماحولیاتی بہتری کے لیے 10 سالہ کلائمیٹ چینج ایکشن پلان پر کام شروع کیا ہے۔ زمین اورماحولیات کی بہتری کے لیے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔

