اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں حالیہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ سے مسائل کے حل اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کو واحد موثر راستہ سمجھتا ہے۔انہوں نے امریکا
اور ایران کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، دونوں فریقین سے جنگ بندی میں توسیع پر غور کرنے اور مکالمے و سفارتکاری کو موقع دینے کی اپیل کی۔ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے خطے میں امن کے فروغ اور مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔

