اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور یورپی کونسل کے صدر نے دیرپا علاقائی اور عالمی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے پیر کو ٹیلی فون کیا ۔ دونوں رہنمائوں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم
نے یورپی کونسل صدر کوسٹا کے ساتھ پاکستان کی خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر کوسٹا نے خطے میں مذاکرات اور استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اس عمل کی ہرممکن حمایت کے لیے تیار ہے۔ دونوں رہنمائوں نے دیرپا علاقائی اور عالمی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس حوالے سے دونوں رہنمائوں نے رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

