انطالیہ ( نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکا کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی طرف سے اپنے اور چیف آف ڈیفنس فورسز ، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیلئے توصیفی کلمات پر انکا شکریہ ادا کیا ہے ۔جمعہ کو ’’ایکس‘‘ پر
اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر کے ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر پیغام کے جواب میں انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، اور اپنی طرف سے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے توصیفی اور شائستہ کلمات پر انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر نے ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو دو شاندار شخصیات قرار دیتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کیلئے ’’گریٹ پرائم منسٹر ‘‘ کے الفاظ ادا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

