لاہور( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر ایک بڑی سفارتی کامیابی حاصل کی ہے، جو مدبرانہ قیادت اور موثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز سے جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کا کلیدی کردار قابلِ فخر ہے، جس نے خطے کو ممکنہ تباہی سے بچا کر امن کا پرچم بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی اسٹریٹجک رہنمائی اور بصیرت افروز قیادت نے دفاعی و سفارتی ہم آہنگی کو نئی بلندیوں
تک پہنچایا، جو خطے میں امن کے قیام کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی فعال اور متحرک سفارتی کاوشوں نے بھی جنگ بندی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی کامیاب سفارتی سرگرمیاں خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کامیابی اعلی قیادت، بصیرت اور موثر سفارتکاری کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس سے پاکستان کا عالمی تشخص مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اب پاکستان کی تعمیری اور مثبت سفارتکاری کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی امن، استحکام اور علاقائی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔

