اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے فیول سبسڈی سکیم سے متعلق قومی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ پیر کو نائب وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی بشمول موٹر سائیکلوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبوں کے لئے
سبسڈی کو جلد از جلد فعال کیا جائے۔اجلاس میں نائب وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور صوبائی حکام کے تعاون سے پبلک سروس ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے لئے فنڈز کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔صوبائی نمائندوں نے یہ بھی بتایا کہ موٹر سائیکل سبسڈی کی رجسٹریشن کے لئے موبائل ایپلی کیشن لانچ کر دی گئی ہے اور اس کی ادائیگیوں کا سلسلہ آج شام سے شروع ہو جائے گا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے تاکید کی کہ سبسڈی کا طریقہ کار سادہ، سہل، شفاف اور وسیع پیمانے پر مشتہر ہونا چاہئے تاکہ مستحق شہریوں کو اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام،وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام، سیکرٹری پٹرولیم، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
