تہران ( نمائندہ خصوصی) ایران نے اسرائیل پر کلسٹر بموں کی بارش کر دی جبکہ کویت میں امریکا کے 6 بحری جہاز تباہ کرنے اور دبئی میں ساحل اور ہوٹل پر حملے کر کے کئی امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔روسی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے تل ابیب میں کثیر المنزلہ عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے میزائل اسرائیلی فضا میں داخل ہوتے ہی سائرن بج اٹھے،
لوگ شیلٹرز میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔اسرائیل نے ایران کی جانب سے کلسٹر بموں سے حملوں میں ایک شخص کی ہلاکت اور 2 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق فوج نے کویت کی الشویخ بندر گاہ پر امریکا کے 6 ٹیکٹیکل جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق 3 لڑاکا جہاز سمندر میں غرق ہو گئے جبکہ دیگر 3 میں آگ لگی ہوئی ہے۔پاسداران انقلاب کے مطابق وعدہ صادق چہارم نامی آپریشن کے تحت دشمن پر حملے کی 84 ویں لہر میں دبئی کے ساحل اور ایک ہوٹل میں امریکی اہلکاروں کو خودکش ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ایرانی حکام کے مطابق دونوں حملوں میں کئی امریکی فوجی مارے گئے ہیں۔سعودی عرب کے علاقے الخرج میں پرنس سلطان ائربیس کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس میں ری فیولنگ اور ائرسپورٹ فلیٹ کو ہدف بنایا گیا۔
