لاڑکانہ( نمائندہ خصوصی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بھٹو ہاؤس نو ڈیرو میں ملاقات کی۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، مرکزی صدر پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ فریال تالپور اور صوبائی وزیر سندھ سید ناصر حسین شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک میں امن و امان، معاشی صورتحال، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وفاقی وزیرِ داخلہ نے صدرِ مملکت کو ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سرحدی سلامتی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاک افغان کشیدگی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وفاقی
وزیرِ خزانہ اور وزیرِ پیٹرولیم نے صدر مملکت کو معاشی اشاریوں، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی ۔ صدرِ مملکت نے ہدایت کی کہ خطے کی صورتحال کے تناظر میں معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو کم سے کم رکھا جائے تاکہ عام آدمی کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
