اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کو قازقستان میں تاریخی آئینی ریفرنڈم کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے ، دونوں رہنماؤں نےعلاقائی تبدیلیوں بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ خوشحالی کے لئے بات چیت، تعاون اور روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قازقستان کے صدر
قاسم جومارت توکایووف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔وزیراعظم نے 15 مارچ 2026 کو قازقستان میں ہونے والے تاریخی آئینی ریفرنڈم کی کامیابی پر صدر جومارت توکایووف کو مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ نئے آئین کے لئے زبردست ٹرن آؤٹ اور حمایت قازقستان کے عوام کے صدر جومارت توکایووف کی دور اندیش قیادت اور اصلاحاتی ایجنڈے پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اصلاحات قازقستان میں نظم و نسق، ادارہ جاتی استحکام اور قومی ترقی کو مزید مستحکم کریں گی۔ گزشتہ ماہ صدر جومارت توکایووف کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے قازقستان کے صدر کو یقین دلایا کہ پاکستان اس دورے کے دوران کئے گئے فیصلوں پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنا رہا ہے۔اس حوالے سے وزیرِ اعظم نے کہا کہ دونوں فریق جلد ہی مجوزہ ایم او یوز اور معاہدوں پر نتیجہ خیز عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ملاقات کریں گے۔ صدر جومارت توکایووف نے وزیراعظم کو اس سال کے آخر میں قازقستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دہرائی جسے وزیراعظم نے قبول کر لیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی تبدیلیوں بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ خوشحالی کے لئے بات چیت، تعاون اور روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر صدر توکایووف اور قازقستان کے برادر عوام کو تہہ دل سے پیشگی مبارکباد دی اور امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

