اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام عالم کے مابین مذہبی رواداری اور مسلمانوں کے احساس تحفظ کیلئے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہذب معاشرے عقائد کی بنیاد پر انسانی حقوق میں تفریق نہیں کرتے بلکہ باہمی احترام و ایثار پر قائم ہوتے ہیں۔ اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج اسلامو فوبیا کے تدارک کا عالمی دن, دین اسلام اور مسلمانوں کے خلاف تعصب کی مذمت میں عالمی آواز ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی اسلامو فوبیا کے تدارک پر قرارداد دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی اور
نفرت انگیز سلوک کی عالمی سطح پر حوصلہ شکنی کرتی ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ معاشرتی عدم برداشت بنیادی مذہبی آزادی اور باہمی اتحاد و رواداری جیسی اقدار کو کمزور کرنے کا باعث ہے۔ آج کا دن مسلمانوں کو مذہبی تعصب اور متشدد واقعات کے خلاف تخفظ فراہم کرنے کا عالمی احساس ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مہذب معاشرے عقائد کی بنیاد پر انسانی حقوق میں تفریق نہیں کرتے بلکہ باہمی احترام و ایثار پر قائم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامو فوبیا پر مبنی تمام طرزعمل اسکی تمام صورتوں کی مذمت کرتا ہے۔ اسلامی تعلیمات کے عین مطابق اور بین الاقوامی قوانین کی نظر میں تمام انسان مساوی حقوق رکھتے ہیں۔ دین اسلام تمام نوع انسانی کے لئے امن و آشتی کا پیغام ہے۔ اسلام کو انتہا پسند خیالات سے منسوب کرنا صریحاً لاعلمی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے تمام بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ ذمہ دارانہ انداز میں اسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ اور آئندہ بھی پاکستان اقوام عالم کے مابین مذہبی رواداری اور مسلمانوں کے احساس تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔\
