اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے وزیراعظم آفس میں ڈپٹی کنٹری ریپریزنٹیٹو یو این ویمن پاکستان فہمیدہ اقبال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نوجوان خواتین کی معاشی، ڈیجیٹل اور قیادتی صلاحیتوں کے فروغ کے لئے باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے فور ایز فریم ورک تعلیم، روزگار، شمولیت اور ماحولیات اور یو این ویمن کے صنفی مساوات کے مشن میں واضح ہم آہنگی موجود ہے۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نوجوان خواتین کو پاکستان کی جامع اور پائیدار ترقی کے مرکز میں لانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اقدامات نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی ( این وائی ای پی ) کے تحت جاری ہیں جس کا مقصد تعلیم سے روزگار تک مؤثر منتقلی، ہنر مندی کا فروغ، کاروباری مواقع اور جامع لیبر مارکیٹ کو تقویت دینا ہے۔ انہوں نے زیرِ تیاری نیشنل ایڈولیسنٹس اینڈ یوتھ پالیسی پر بھی روشنی ڈالی جس میں ڈیجیٹل شمولیت، محفوظ آن لائن ماحول، صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام اور نوجوانوں کی صحت و فلاح کو ترجیح دی گئی ہے۔خواتین کی معاشی شمولیت کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس وقت خواتین کی لیبر فورس میں شرکت کی شرح 21.5 فیصد ہےجسے 2030 تک 35 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم میں خواتین کے لئے 25 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ مالی آگاہی، کاروباری رہنمائی اور جدید مالیاتی سہولیات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ملاقات میں ڈیجیٹل یوتھ ہب پر بھی تبادلہ خیال ہوا جو روزگار کے مواقع، ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے ایک قومی پلیٹ فارم کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔ نوجوان خواتین کو ای کامرس کے ذریعے باقاعدہ معیشت کا حصہ بنانے کے امکانات پر بھی بات کی گئی۔ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹیوٹ) میں خواتین کی شرکت بڑھانے خصوصاً غیر روایتی اور ترقی پذیر شعبوں میں تعاون کو اہم قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ سازگار تربیتی ماحول، مثبت سماجی رویوں اور زندگی کی مہارتوں کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے نیشنل یوتھ کونسل اور نیشنل والنٹیئر کور جیسے پلیٹ فارمز کا بھی ذکر کیاجو نوجوانوں کی شمولیت، ماحولیاتی تحفظ، مالی آگاہی اور کمیونٹی سطح پر خدمات کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ نوجوان خواتین کی قیادت کو مضبوط بنانے اور جینڈر رسپانسیو گورننس کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔فہمیدہ اقبال نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی کاوشوں کو سراہا اور نوجوانوں کے پروگرامز میں صنفی شمولیت کو مرکزی حیثیت دینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یو این ویمن پاکستان کے تحت جاری اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے مستقبل میں مختلف منصوبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نوجوان خواتین میں سرمایہ کاری پاکستان کی پائیدار اور جامع ترقی کے لئے نہایت اہم ہے اور دونوں ادارے اس مقصد کے حصول کے لئے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔


