اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے اہداف کے معینہ مدت میں حصول کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس اکانومی کے فروغ سے متعلق جائزہ اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، صوبائی چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب
سے تنخواہوں، پنشنز اور وینڈرز کو ادائیگیاں راست کے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام پر منتقل کرنے پر معاشی ٹیم اور سٹیٹ بینک کی تعریف کی اور جولائی 2025 سے جنوری 2026 تک وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے راست کے ذریعے 1.6 ٹریلین کی ادائیگیاں کرنے پر وزارت خزانہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکیج کے تحت اب تک 71 فیصد مستحق افراد تک امدادی رقوم کی فراہمی پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی ) کی ٹیم کی بھی تعریف کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس مستحقین کو رقوم کی فراہمی رمضان کے 12ویں دن تک 24 فیصد جبکہ رواں برس وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر بروقت اقدامات سے یہ 71 فیصد کی حد عبور کر چکی ہے۔وزیرِ اعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے اہداف کے معینہ مدت میں حصول کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل بینکنگ سے استفادہ حاصل کرنے والے افراد کی تعداد 127 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ادارے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تمام بلز پرکیو آر( QR) کوڈ فراہم کریں۔اجلاس کو وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک، بی آئی ایس پی ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور متعلقہ اداروں نے ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ایکوسسٹم کے حوالے سے ڈیش بورڈ پر بریفنگ دی بھی گئی۔

