دوحہ ۔( نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کےنائب وزیر اعظم و وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی نے یہاں ملاقات کی،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور
وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر مملکت برائے دفاعی امور نے دفاع اور سکیورٹی میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔شیخ سعود نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص ایران اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کی گئی۔
