دوحہ ( نمائندہ خصوصی):پاکستان اور قطر نے مضبوط برادرانہ تعلقات اور سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت ، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، لیبرو افرادی قوت اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس کو اہم قرار دیا ہے۔ دونوں ممالک نے تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ کے سرکاری دورے کے دوران قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے منگل کو یہاں ملاقات کی جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ
اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی اور علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، لیبر/افرادی قوت اور ثقافتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی اور ان تمام شعبوں میں تعاون کو تیز کرنے کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس کو اہم قرار دیا گیا۔ فریقین نے مشترکہ وزارتی کمیشن اور دو طرفہ سیاسی مشاورت سمیت حالیہ اعلیٰ سطحی مصروفیات اور ادارہ جاتی میکانزم کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔ اسکے علاوہ علاقائی مسائل بشمول غزہ میں پیشرفت اور خلیج کی سلامتی کے وسیع تر امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے خطے میں مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے قطر کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے تنازعات کے پرامن حل اور اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی موجودہ مسائل پر رابطے میں رہنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
