اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے رمضان المبارک میں سحر و افطار میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانےکے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سحر وافطار میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔منگل کو وزارت پاور ڈویژن سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نےکہا کہ رمضان المبارک میں کے-الیکٹرک سمیت تمام
بجلی کمپنیوں کے لئے ایس او پیز جاری کردئیے ہیں۔وفاقی وزیر نے تمام ڈسکوز کو بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ڈسکوز کے سی ای اوز کو کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کی ہے اورہائی لاسز والے علاقوں میں انسداد بجلی چوری مہم کے مطابق ڈیل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔وزارت پاور ڈویژن کے مطابق فیصلے کامقصد بقایاجات اور نقصانات میں اضافے کو روکنا ہے،زیادہ نقصانات والےعلاقوں میں بھی سحر وافطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،رمضان میں زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کو سحر افطار کے علاوہ اوقات میں ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈسکوز کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
