کوئٹہ( نمائندہ خصوصی)۔:بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو فیز 2 کے تحت ضلع خضدار میں ویمن ڈویلپمنٹ سینٹر میں متعدد اہم ترقیات منصوبوں پر کام جاری ہے۔ یہ اسکیمات خواتین کی سماجی، معاشی اور پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے شروع کی گئی ہیں، جن میں سولر سسٹم کی فراہمی، ورکنگ ویمن ہاسٹل کی بائونڈری وال کی تعمیر و اپ گریڈیشن، ویمن ڈویلپمنٹ سینٹر کی اپ گریڈیشن اور رینوویشن، واکنگ ٹریک کے ساتھ لینڈ سکیپنگ اور لیولنگ شامل ہیں۔بی ایس ڈی
آئی کے انجینئر فیاض نے ان منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران انہوں نے کام کی پیشرفت، معیار اور شفافیت کا جائزہ لیا۔ انجینئر فیاض نے اس موقع پر موجود ٹیم کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی امور کو صاف و شفاف طریقے سے اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ یہ منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچیں اور خواتین کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے زور دیا کہ بی ایس ڈی آئی کا بنیادی مقصد صوبے بھر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانا ہے۔ویمن ڈویلپمنٹ سینٹر خضدار میں یہ اسکیمات فیز ون اور فیز ٹو کے تحت جاری ہیں، جن سے مقامی خواتین کو سولر انرجی، محفوظ رہائش، تربیتی مراکز اور صحت مند ماحول میں ورزش کی سہولت میسر آئے گی۔ یہ منصوبے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کے زیر انتظام چل رہے ہیں، جو خواتین کی بااختیاری، ہنر مندی اور سماجی تحفظ کے لئے کام کر رہا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ اقدامات ضلع خضدار کی خواتین کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے اور صوبائی حکومت کی جانب سے صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے سینکڑوں منصوبے زیر عمل ہیں، جن کا مقصد بلوچستان کے عوام کو بہتر زندگی کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
