اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دولت مشترکہ کے وزرائے قانون کے اجلاس میں پاکستان کو کامن ویلتھ ایکسس ٹو جسٹس انوویشن ایوارڈ 2026 حاصل کرنے پر وزارت قانون و انصاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایوارڈ پاکستان کی جانب سے انصاف تک رسائی کو مزید موثر بنانے اور قانونی شعبے میں ڈیجیٹل جدت کو فروغ دینے کی کوششوں
کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی سیکرٹری وزارت قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر کی قیادت میں انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ڈیجیٹل اصلاحات اور انقلابی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں ان کی ٹیم کی غیر معمولی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں پاکستان کے بین الاقوامی وقار میں اضافہ کرتی ہیں اور عوامی اداروں کی جدید خطوط پر اصلاح و بہتری کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں، دولت مشترکہ کے تمام 56 رکن ممالک کے وفود کی موجودگی میں یہ اعزاز پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ایک نمایاں کامیابی ہے۔
