اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز عمران سکندر نے کہا ہے کہ چند روز قبل عمران احمد خان نیازی کو آنکھ کے علاج کےلئے پمز ہسپتال لایا گیا جہاں پر ان کا علاج معالجہ ان کی رضا مندی حاصل کرنے کے بعد کیا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز عمران سکندر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ چند روز قبل 74سالہ عمران احمد خان نیازی کا دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے پر پمز ہسپتال کے سینئر اور کوالیفائیڈ اپٹامالوجسٹ ڈاکٹرز نے اڈیالہ جیل میں تفصیلی طبی معائنہ کیا جس میں لیب
ٹیسٹس ، انڈو سکوپی سمیت دیگر لیبارٹری ٹیسٹ بھی شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ طبی معائنہ اور تمام تر تفصیلی ٹیسٹوں کے بعد ڈاکٹرز نے ان کے ہسپتال میں علاج کی سفارش کی ، ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق عمران احمد خان نیازی کو گزشتہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کو پمز ہسپتال لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ان کی آنکھ کے علاج (اینٹی وی ای جی ای ایف انجیکشن )اور اس کے طریقہ کار کے بارے میں مریض کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ عمران سکندر نے کہا کہ مریض کی رضا مندی حاصل کرنے کے بعد آپریشن تھیٹر میں تمام تر انتظامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تقریباً 20 منٹ کے دوران یہ عمل مکمل کیا گیا اور اس دوران مریض مکمل طور پر صحت مند تھا۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں انہیں اس حوالے سےہدایات ، فالو اپ ایڈوائس اور دیگر ڈاکومنٹس کے ساتھ ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
