اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے اعلیٰ سطح روابط اور مشاورت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمعرات کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں دونوں رہنماؤں نے
بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لئے پائیدار مذاکرات اور سفارتی تبادلہ خیال کی اہمیت پر زور دیا۔ مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے سے جڑے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے دو طرفہ ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے اعلیٰ سطحی روابط اور مشاورت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
