اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) :نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار آج (ہفتہ کو) سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ سے جاری
بیان کے مطابق یہ غیر معمولی اجلاس اسرائیل کی جانب سے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے نام نہاد خطے ’’صومالی لینڈ‘‘ کو تسلیم کیے جانے کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے لیے بلایا گیا ہے۔اس موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ صومالی لینڈ سے متعلق معاملے پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے جبکہ او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
