اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی) :وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے لندن میں برٹش ای سپورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چیسٹر کنگ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران چیئرمین پی ایم وائی پی نے پاکستان کی ای سپورٹس پالیسی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے پر برٹش ای سپورٹس کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے حکومتِ پاکستان اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کی درخواست پر برٹش ای سپورٹس کی جانب سے اپنا نمائندہ پاکستان بھیجنے پر دلی تشکر کا اظہار بھی کیا۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان میں ای سپورٹس کے شعبے کے فروغ کے لیے نئی سرگرمیاں اور اقدامات متعارف کروائے جا رہے ہیں۔انہوں
نے زور دیا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں اور مہارتوں میں اضافے کے لیے نہ صرف تعلیم اور روایتی کھیل بلکہ ای سپورٹس بھی یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی تعاون اور ٹورنامنٹس کے ذریعے نوجوانوں کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔چیئرمین نے کہا کہ پاکستان ای سپورٹس فیڈریشن کے قیام سے اس شعبے کی منظم اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ای سپورٹس نوجوانوں کے لیے کیریئر اور مہارتوں کے فروغ کے مواقع کو وسعت دینے کا ذریعہ بنے گا۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ مستقبل میں ای سپورٹس کے ذریعے پاکستان کا مثبت عالمی تشخص مزید مضبوط ہوگا۔انہوں نے برٹش ای سپورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چیسٹر کنگ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
