لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کا پہلا اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب لانچ کردیا۔ آئمہ کرام کے اعزاز میں سی ایم ہاؤس کے لان میں پروقار تقریب کا انعقادکیا گیا۔ پنجاب میں پہلی بار66ہزار سے زائدامام مسجد صاحبان کوماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔ رجسٹرڈ آئمہ کرام کو ماہانہ 25ہزار روپے اعزازیہ پیش کیا جائے گا۔پراجیکٹ پر 20ارب روپے صرف
ہوں گے۔ شفافیت یقینی بنانے کیلئے آئمہ کرام کو براہ راست ڈیجیٹل ادائیگی ہوگی۔ آئمہ کرام اعزازیہ کار ڈ کے ذریعے اے ٹی ایم سے رقم وصول کرسکتے ہیں۔ فروری سے آئمہ کرام کو وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ کے ذریعے مستقل ادائیگی ہوگی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ پراجیکٹ کے بارے میں خصوصی ڈاکو مینٹری چلائی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آئمہ کرام کو سٹیج پر بلا کر اعزازیہ کارڈ پیش کیے۔ اٹک سے رفیق مغل، فیصل آباد سے رضوان کوثر، ملتان سے نادر رضا جعفری،لاہور سے عبدالوحید، بھکر سے غلام مصطفی، پاکپتن سے اویس منظور، مظفر گڑھ سے سید محمد عون، ڈی جی خان سے عطاالرحمن کو اعزازیہ کارڈ پیش کیے گئے۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے وزیراعلیٰ اعزازیہ کارڈ برائے امام صاحب پراجیکٹ کے اغراض ومقاصد پیش کیے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آئمہ کرام کی آمد کو حکومت پنجاب کے لئے اعزاز قرار دیا۔

