اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):فلپائنی کمپنی کے ذیلی ادارے نے پاکستان اور فلپائن کے درمیان صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے اسلام آباد میں اپنے دفتر کا افتتاح کر دیا ہے۔ اتوار کوفلپائن کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر ایمانوئل آر فرنینڈز نے کہا کہ پاکستان میں فلپائن کی رجسٹرڈ دواساز کمپنی کی موجودگی ملک کی مارکیٹ پر مضبوط اعتماد کا مظہر ہے اور اس سے صحت، سپلائی چینز اور دوطرفہ تجارت میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔اسلام آباد میں 2ورلڈ ٹریڈرز پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ دفتر کا قیام نہ صرف کمپنی کے لیے بلکہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان بڑھتی ہوئی معاشی اور صحت کی شراکت داری کے لیے بھی ایک اہم سنگِ میل ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسینز اور
حیاتیاتی مصنوعات مضبوط اور مستحکم صحت کے نظام کے لیے نہایت ضروری ہیں اور 2ورلڈ ٹریڈرز جیسے کاروباری اقدامات عوامی صحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ دوطرفہ معاشی تعلقات کو بھی مضبوط بنا سکتے ہیں۔نئے قائم ہونے والے دفتر کا باضابطہ افتتاح عبدالرزاق صدیق نے کیاجو 2ورلڈ ٹریڈرز پاکستان کے مالک اور فلپائن میں قائم 2ورلڈ ٹریڈرز ان کارپوریشن کے صدر ہیں۔ اس موقع پر کراچی میں فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر عمران یوسف، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبید اللہ، شفا انٹرنیشنل ہسپتال، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)، ڈاؤ انسٹی ٹیوٹ آف لائف سائنسز (ڈلس) کے نمائندوں کے علاوہ سینئر صنعتکار اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ڈریپ کے حکام نے دواسازی تجارت کو سہل بنانے کے لیے ضابطہ جاتی تعاون اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا ساتھ ہی بین الاقوامی معیارِ صحت اور حفاظتی اصولوں پر عملدرآمد کو بھی ضروری قرار دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق صدیق نے کہا کہ کمپنی کا مقصد پاکستان کے صحت کے شعبے کی معاونت کرنا ہے جس کے لیے ضروری ویکسینز اور حیاتیاتی مصنوعات تک رسائی بہتر بنائی جائے گی، ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دیا جائے گا اور مقامی سطح پر پیداوار کی حوصلہ افزائی کی جائے
گی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی ٹیٹنس ٹاکسوئیڈ سمیت اہم ویکسینز درآمد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس کی ابتدائی کھیپ میں ایک کروڑ خوراکیں شامل ہوں گی تاکہ قلت پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کے منصوبوں میں ڈاؤ انسٹی ٹیوٹ آف لائف سائنسز کے تعاون سے اینٹی ریبیز سیرم کی مقامی تیاری، اینٹی کینسر ادویات کی تیاری اور سانپ کے زہر کے خلاف سیرم کی تیاری خصوصاً سندھ اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے لیے شامل ہے۔1988 میں قائم ہونے والی 2ورلڈ ٹریڈرز ان کارپوریشن فلپائن میں ویکسینز اور حیاتیاتی مصنوعات کی ایک نمایاں تقسیم کار کمپنی ہے جس کی سرگرمیاں ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکا تک پھیلی ہوئی ہیں۔کمپنی جدید کولڈ چین سہولیات اور بھارت و چین میں مینوفیکچرنگ شراکت داریوں کے ذریعے خدمات انجام دے رہی ہے۔اسلام آباد میں دفتر کے قیام سے پاکستان اور فلپائن کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہونے، صحت کے شعبے میں تعاون بڑھنے اور دوطرفہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
