لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرسی ایم انسپکشن ٹیم کے ہسپتالوں کے دورے جاری، سی ایم نسپکشن ٹیم نے ایک ہی دن میں چار ہسپتالوں کا اچانک معائنہ کیا، بدانتظامی پرجہلم ہسپتال کے ایم ایس کوعہدے سے
ہٹادیا گیا۔ سی ایم انسپکشن ٹیم نے رات گئے ضلعی اور تین تحصیل ہسپتالوں کے طوفانی وزٹ کئے۔ صوبائی معاون خصوصی شعیب مرزا نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم،سوہاوہ،گوجر خان اورکھاریاں ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کا دورہ کیا۔ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم
بدانتظامی کا شکارنظر آیا۔ہسپتال میں ایکسرے مشینیں خراب اورفلمیں غائب تھیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں مریضوں نے انسپکشن ٹیم کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ سی ایم انسپکشن ٹیم کی سفارش پر ڈی ایچ کیوجہلم کے ایم ایس کو ہٹانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ کے ایم ایس اوردیگر کو انتظامات بہتر نہ ہونے پر کڑی وارننگ دی گئی۔ سی ایم انسپکشن ٹیم نے گوجر خان اورکھاریاں کے تحصیل ہسپتالوں کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
