اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):پاکستان ریلویز نے نئے سال کے آغاز پر مالیاتی اہداف کی تکمیل کے حوالے سے اہم رپورٹ جاری کر دی، فریٹ (مال برداری) سیکٹر ریکارڈ منافع بخش بن چکا ہے جس نےچھ ماہ کے دوران 17 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا ۔وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ریلویز کا فریٹ (مال برداری) سیکٹر ریکارڈ منافع بخش بن چکا ہے جس نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران 17 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہڑتال جیسے چیلنجز کے باوجود نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں مسلسل 3 ارب روپے ماہانہ سے زائد کی آمدن حاصل کی گئی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ مالی سال کے اختتام تک صرف فریٹ سیکٹر سے 38 ارب روپے سے زائد کی آمدن متوقع ہے۔محمد حنیف عباسی نے ایک
تاریخی سنگ میل کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ان شاء اللہ سال 2026ء میں پاکستان ریلویز پہلی بار ایک کھرب روپے سالانہ آمدن حاصل کرنے والا ادارہ بن جائے گا۔وزیر ریلوے نے مسافروں سے وعدہ کیا کہ 2026ء کے اختتام تک ریلوے کی تمام ٹرینوں کو مکمل طور پر اپ گریڈ کر دیا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین اور محفوظ ترین سفری تجربہ میسر آ سکے۔ان کا کہنا ہے کہ جدید اصلاحات کے تحت ریلوے کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے،مسافروں کے تحفظ کے لیے ٹرینوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے،ریلوے پولیس اہلکاروں کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے تاکہ دوران سفر مسافر خود کو مکمل محفوظ محسوس کریں۔وفاقی وزیر نے اعادہ کیا کہ پاکستان ریلویز کو ایک جدید، منافع بخش اور عوامی خدمت کا بہترین ادارہ بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔
