اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):حکومت نے پاکستان میں موجود بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے ہائی کمیشن کے حوالے کر دی ہے۔ جمعرات کو وزارتِ خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے مجموعی طور پر 257 بھارتی جن میں 58 شہری قیدی اور 199 ماہی گیر قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کی۔قیدیوں کی فہرستوں کا یہ تبادلہ پاکستان
اور بھارت کے درمیان 21 مئی 2008 کو طے پانے والے قونصلر رسائی معاہدے کے تحت عمل میں لایا گیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں موجود قیدیوں کی تفصیلات کا تبادلہ کرتے ہیں۔ بھارتی حکومت بھی نئی دہلی میں قائم پاکستان ہائی کمیشن کے ساتھ پاکستانی قیدیوں کی فہرست فراہم کرے گی۔
