اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں عوام کی فلاح و بہبود کے متعدد پراجیکٹس پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ اور شہریوں کی سہولت کےلئے مزید پراجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ سٹیڈیم بنے گا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے 10 روز میں سٹیڈیم کا حتمی ڈائزین طلب کر لیا ۔ اجلاس میں نیشنل پارک کے لئے مخصوص ایریا مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اسلام آباد میں جدید طرز پر سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں کشمیر چوک پر ٹریفک کی روانی کے لیے ”سمارٹ انڈر پاس” کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ 10 روز میں سمارٹ انڈر پاس کا حتمی ڈائزین تیار کرکے پیش کیا جائے۔ اجلاس میں اسلام آباد میں فائیو سٹار ہوٹل کی
تعمیر کے لیے معروف کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلام آباد میں عرصہ دراز سے خالی کمرشل پلاٹس کی تفصیلات طلب کی گئیں ۔اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہیڈ کوارٹر کے لیے اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔واگزار کرائی اراضی کا مفاد عامہ کے لیے بہترین استعمال کیا جائے گا۔اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیڈرل کانسٹیبلری، رینجرز اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کےہیڈکوارٹرز کے لیے اراضی مختص کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بریفنگ دی۔ آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی۔ ڈپٹی کمشنر۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ۔ سی ٹی او۔ ایس ایس پی آپریشنز۔ سی ڈی اے کے ممبران اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
