سیالکوٹ,( نمائندہ خصوصی):شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 148واں یومِ پیدائش کل اتوار کو ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف سرکاری و نجی اداروں، علمی و ادبی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور سماجی انجمنوں کی جانب سے ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز، مذاکرے، مشاعرے اور کلامِ اقبال کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے جن میں قومی شاعر کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔سیالکوٹ میں یومِ اقبال کی مرکزی تقریب حسبِ روایت اقبال منزل میں منعقد ہوگی جہاں شاعرِ مشرق کے یومِ ولادت کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی، دعائے مغفرت اور نعت و کلامِ اقبال کی محافل سے کیا جائے گا۔ مرکزی تقریب میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی
،صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام گیلانی شرکت کریں گے۔ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پرشہر کی سیاسی، سماجی، تعلیمی اور تجارتی شخصیات کے علاوہ طلبا و طالبات، اساتذہ، ادیب، شعراء اور عام شہریوں کی بڑی تعداد اقبال منزل کا رخ کرتی ہے اوراقبال منزل میں شہریوں کی جانب سے علامہ اقبالؒ کے یومِ ولادت کا کیک کاٹا جاتا ہے۔اس کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر اقبال کے کلام اور افکار پر مبنی نمائشیں، تصویری گیلریاں، تقاریر اور مشاعرے بھی منعقد ہوتے ہیں ۔بزمِ اقبال، نظریۂ پاکستان فاؤنڈیشن، تحریکِ پاکستان ورکرز ٹرسٹ، اقبال اکیڈمی، اقبال لورز فیڈریشن، اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ سمیت مختلف اداروں کے زیراہتمام ہونے والی ان تقریبات میں علامہ اقبالؒ کے فکر و فلسفہ، خودی کے تصور، اور تحریکِ پاکستان میں ان کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔تقریبات کے دوران مقررین علامہ اقبالؒ کی ملی، فکری اور تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالیں گے اور اس عزم کا اظہار کریں گے کہ اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار پاکستان کی تعمیر ممکن ہے۔شہر کے تعلیمی اداروں میں بھی یوم اقبال کی مناسبت سے تقریری مقابلے، کوئز پروگرام، مضمون نویسی کے مقابلے اور کلامِ اقبال کے نعتیہ اور ملی ترانوں کا سلسلہ جاری ہے۔شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے شاعرانہ کلام اور فلسفیانہ افکار کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری کی لہر پیدا کی اور تصورِ پاکستان پیش کر کے ملتِ اسلامیہ کو نئی سمت عطا کی۔

